Skip to main content

لانگ کوویڈ (طویل کوویڈ)

یہ سیکشن درج ذیل کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے:

  • لانگ کوویڈ کیا ہے اور یہ آپ کے جسم کو کیسے متاثر کرتا ہے۔
  • لانگ کووڈ کی خصوصیات اور انتہائی عام علامات
  • لانگ کوویڈ کا علاج اور اس سے نمٹنا

CHSS آپ کی کس طرح مدد کر سکتا ہے

  • آپ ہماری ایڈوائس لائن نرسوں میں سے کسی سے اعتماد کے ساتھ بات کر سکتے ہیں۔
  • آپ صحت سے متعلق معلومات کے وسائل بشمول کتابچے اور حقائق نامے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
  • ہم اپنے لانگ کوویڈ مریضوں کے گروپ کے ذریعے آپ کی کمیونٹی میں ہی آپ کی مدد کر سکتے ہیں

لانگ یا طویل کوویڈ کیا ہے؟

لانگ کووڈ ایک وسیع اصطلاح ہے جس میں کوویڈ-19 کی جاری علامات اور نئی علامات دونوں شامل ہیں جو کوویڈ-19 انفیکشن کے نتیجے میں پیدا ہو سکتی ہیں۔ کوویڈ-19 ایک شدید اور کئی اعضاء کو متاثر کرنے والی بیماری ہے، جس کے آپ کے جسم پر دیرپا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، یہاں تک کہ آپ کے دوران خون سے وائرس ختم ہو جانے کے بعد بھی۔ آپ کے دوران خون سے وائرس کو ختم کرنے میں توقع سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ مدافعتی نظام سے محروم ہیں یا آپ کو موجودہ طور پر صحت کے دیگر کوئی مسائل ہیں۔

لانگ کوویڈ کسی بھی عمر اور پس منظر کے لوگوں، بشمول بچوں، کو بھی متاثر کر سکتا ہے، اس بات سے قطع نظر کہ کوویڈ کی ابتدائی علامات کتنی سخت تھیں – کچھ لوگوں کو یہ جانے بغیر بھی لانگ کوویڈ کی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ وہ پہلے بھی بیمار تھے!

لوگوں کے کچھ گروہ طویل مدتی علامات کے پیدا ہونے کے زیادہ خطرے پر موجود نظر آتے ہیں، بشمول:

  • خواتین اورایسے لوگ جن کو پیدائش کے وقت زنانہ جنس تفویض کی گئی ہو
  • 60 سال سے زائد عمر کے لوگ
  • افریقی-کیریبیئن پس منظر کے لوگ
  • دمہ، ذیابیطس یا صحت کے دیگر طویل مدتی مسائل کے حامل لوگ

اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ آپ کو صرف ویکسینیں لگوانے سے لانگ کوویڈ لاحق ہو سکتا ہے۔

لانگ کوویڈ ایک تیزی سے پھیلتا ہوا عارضہ ہے، اس لیے ہمیں ابھی تک بہت کچھ معلوم نہیں ہے کہ یہ کس طرح کام کرتا ہے اور طویل مدت میں لوگوں کو کیسے متاثر کرتا ہے۔ تاہم، جیسے جیسے حالات آگے بڑھ رہے ہیں اور جن لوگوں میں کوویڈ کی طویل مدتی علامات پائی جاتی ہیں وہ اپنے تجربات اور کہانیاں شیئر کر رہے ہیں، ہم اس بات کی بہتر سمجھ پیدا کر رہے ہیں کہ لانگ کوویڈ کا کیا مطلب ہے اور ہم اس سے کیسے نمٹ سکتے ہیں۔

آپ کوویڈ-19 پر NHS Inform صفحہ پر کثرت سے اپ ڈیٹ ہونے والی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ ریسرچ (NIHR) کے پاس برطانیہ میں لانگ کوویڈ پر تحقیق کا باقاعدگی سے اپ ڈیٹ شدہ جائزہ بھی دستیاب ہے۔

تشخیص ہونا

دسمبر 2020 میں ڈاکٹروں کے لیے SIGN (اسکاٹش انٹرکالجیٹ گائیڈ لائن نیٹ ورک) کے رہنما اصولوں میں لانگ کوویڈ کے لیے رہنمائی شامل کی گئی تھی اور یہ اسکاٹش طب کے شعبے میں ایک تسلیم شدہ تشخیص ہے۔ تاہم، تمام ڈاکٹر اس حالت سے واقف نہیں ہیں۔

اگر آپ میں لانگ کوویڈ کی علامات موجود ہیں، تو آپ کے ہیلتھ کیئر پروفیشنل کو یہ دیکھنے کے لیے آپ کی طبی ہسٹری لینی چاہیئے کہ آیا آپ کو کوویڈ-19 ہو سکتا ہے۔ لانگ کوویڈ کی تشخیص کے لیے، کوویڈ-19 کی نشاندہی کرنے والی کوئی بھی علامات یا مثبت ٹیسٹ چار ہفتوں سے زیادہ پرانا ہونا چاہیئے۔

آپ کو دوسری چیزوں کو مسترد کرنے کے لیے مزید کچھ ٹیسٹ کروانے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے جو ایک جیسی علامات کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان ٹیسٹوں میں درج ذیل شامل ہو سکتے ہیں:

  • خون کے ٹیسٹ
  • آپ کے بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور دل کے کام کی جانچ کرنا
  • ECG (الیکٹروکارڈیوگرام) دل کے درپردہ مسائل کا پتہ لگانے کے لیے ٹیسٹ
  • آپ کے اعضاء کے مسائل کی کھوج لگانے کے لیے ایکسرے یا طبی تصویر کشی کے دوسرے طریقہ ہائے کار

اگر آپ میں 12 ہفتوں کے بعد بھی علامات موجود ہوں اور علامات کی کوئی دوسری واضح وضاحت نظر نہ آتی ہو، تو “پوسٹ کوویڈ سنڈروم” یا لانگ کوویڈ تشخیص انجام دی جائے گی۔

جب آپ کوویڈ-19 کے بعد ڈسچارج ہو جاتے ہیں، تو آپ کو لانگ کوویڈ کے بارے میں بھی معلومات دی جا سکتی ہیں۔

اگر آپ جانتے ہوں کہ آپ کو کسی وقت کوویڈ-19 ہوا تھا، یہاں تک کہ اگر آپ کو اسپتال میں داخل نہیں کیا گیا تھا اور آپ لانگ کوویڈ کی علامات کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں، تو اپنے ہیلتھ کیئر پروفیشنل سے پوچھیں کہ کیا ان کے خیال میں یہ لانگ کوویڈ ہو سکتا ہے۔

لانگ کوویڈ کی علامات

لانگ کوویڈ سے وابستہ علامات کی اقسام کی ہو سکتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ میں یہ تمام علامات نہ پائی جاتی ہوں، لیکن اگر آپ میں دو یا تین سے زیادہ علامات موجود ہیں، تو آپ کو اپنے ڈاکٹر سے بات کرنی چاہئیے۔

ہم ابھی تک نہیں جانتے کہ یہ علامات آگے بڑھ کر کیسی شکل اختیار کریں گی اور یہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف لوگوں میں پائی جانے والی علامات بھی مختلف ہو سکتی ہیں، لیکن اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ زیادہ تر لوگ آہستہ لیکن مسلسل بہتری دکھاتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ٹھیک ہو سکتے ہیں۔

  • دل و شریانوں کے مسائل – دل کی دھڑکن، سینے میں جکڑن، سینے میں درد، امبولزم کا خطرہ (یعنی خون کے دھارے میں آزاد گھومنے والے اجزاء)
  • سانس کے مسائل– کھانسی، سانس پھولنا
  • اعصابی مسائل – پوسچورل ٹکی کارڈیا سنڈروم (PoTS)، تھکاوٹ، سر درد، نیند کے مسائل، چکر آنا، ہاتھ پاؤں میں اعصابی نقائص (علامات جیسے درد، پن اور سوئیاں چھبنا، یا بے حسی)

PoTS لانگ کوویڈ کی ایک عام علامت ہے اور اس سے مراد ایسی حالت ہے جس میں جب آپ کھڑے ہوتے ہیں، تو آپ کے دل کی دھڑکن انتہائی تیز ہو جاتی ہے۔ یہ تمام اقسام کی دیگر علامات کا سبب بنتا ہے، جیسے چکر آنا، نظر کا دھندلا پن، پٹھوں کی کمزوری اور جھٹکے لگنا۔ PoTS کی تشخیص اکثر اضطراب کے طور پر کی جا سکتی ہے جو کہ غلط ہے، لیکن اگر آپ صرف کھڑے ہونے پر ان علامات کا تجربہ کرتے ہیں، تو آپ تشخیص پر نظر ثانی کرنے کے بارے میں اپنے ہیلتھ کیئر پروفیشنل سے بات کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کو PoTS لاحق ہے، تو آپ PoTS UK پر مزید معلومات اور مدد حاصل کر سکتے ہیں، جو PoTS کے شکار لوگوں کی مدد کرنے کے لیے ایک خیراتی ادارہ ہے۔

تھکاوٹ لانگ کوویڈ کی ایک اور بہت عام علامت ہے، جس کا سامنا لانگ کوویڈ کے نصف سے زیادہ مریضوں کو ہوتا ہے۔ تھکاوٹ کو اکثر صرف “معمول کی تھکاوٹ” کے طور پر غلط سمجھا جاتا ہے اور جب کہ یہ اسی حالت کا ایک حصہ ہے، اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ تھکاوٹ میں یہ بھی شامل ہو سکتا ہے: “دماغی دھندلاہٹ”، جہاں آپ سوچنے یا یادیں بنانے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ پٹھوں کی کمزوری؛ مشق کرنے میں دشواری؛ مدافعتی کمزوری؛ اور چکر آنا، جو کہ دیگر ممکنہ علامات کے علاوہ ہیں۔

سانس لینے میں دشواری اور سینے میں جکڑن بھی بہت عام علامات ہیں اور ایسا یا تو کوویڈ-19 کی علامات وقت کے ساتھ جاری رہنے کا نتیجہ ہو سکتا ہے یا وائرس سے ہونے والے نقصان اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

لانگ کوویڈ دیگر صحت کے مسائل، جیسے ذیابیطس، دل کے مسائل یا جگر کے مسائل پیدا ہونے کے طویل مدتی بڑھتے ہوئے خطرے سے بھی منسلک ہو سکتا ہے۔ یہ جاننا مشکل ہے کہ اس کا مستقبل میں لوگوں پر کیا اثر پڑے گا، کیونکہ لانگ کوویڈ ایک نئی تعریف شدہ بیماری ہے۔ تاہم، اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ کوویڈ-19 کے 70% مریضوں کےاعضاء کو کسی نہ کسی سطح پر نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر دل اور جگر کا نقصان ہوا ہے۔

لانگ کوویڈ کے حامل بہت سے لوگ ذہنی صحت کے مسائل کا بھی سامنا کرتے ہیں جیسے ڈپریشن، اضطراب اور پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) کی علامات۔ اگر آپ اپنی دماغی صحت کے بارے میں فکر مند ہیں، تو اپنے ہیلتھ کیئر پروفیشنل سے بات کریں۔

لانگ کوویڈ کی علامات اکثر “تخفیف اور دوبارہ لگنے” کے انداز کی پیروی کرتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ وہ بہت بہتر ہو سکتے ہیں یا مکمل طور پر ٹھیک ہو سکتے ہیں (تخفیف)، لیکن پھر بعد میں دوبارہ بیمار ہو سکتے ہیں (دوبارہ لگنا)۔ جب لوگ اپنے اوپر کام کا بہت زیادہ بوجھ ڈال دیتے ہیں، تو اس سے بیماری دوبارہ واپس لگ سکتی، کیونکہ وہ اچھا محسوس کرتے ہیں اور بہت زیادہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جب آپ ٹھیک محسوس کریں، تو تب بھی اپنی سرگرمی کو موزوں حد میں رکھنا بہت ضروری ہے۔

یہ بہت اہم ہے کہ آپ صحت کے ماہر – اپنے جی پی یا نرس پریکٹیشنر سے –کسی بھی نئی علامات کے بارے میں بات کریں– کیونکہ وہ دیگر پس پردہ مسائل کی علامت بھی ہو سکتی ہیں۔ علاج کا کوئی بھی نیا کورس، نہ کہ صرف دوا، شروع کرنے سے پہلے آپ کو صحت کے کسی پیشہ وارانہ ماہر سے بھی بات کرنی چاہئیے۔

اپنی علامات سے نمٹنا

لانگ کوویڈ کا کوئی واحد، معیاری علاج موجود نہیں ہے۔ آپ کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ وارانہ ماہرین آپ کی انفرادی علامات کا علاج کر سکتے ہیں – جیسے دل کی بے ہنگم یا بے ترتیب دھڑکن (جہاں آپ کے دل کی دھڑکن خراب ہو)، سانس پھولنا، یا بخار۔

ایسی چیزیں بھی ہیں جو آپ اپنی علامات سے نمٹنے اور اپنی صحت یابی میں مدد کے لیے خود بھی کر سکتے ہیں۔ کون سا علاج کارگر ثابت ہو گا، یہ بلاشبہ ہر شخص میں مختلف ہو سکتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ لوگوں کی علامات کی ظاہری شکل کی بہت ہی وسیع اقسام سامنے آتی ہیں۔ تاہم، کچھ درج ذیل اہم اصول ہیں جو زیادہ تر لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوں گے:

اپنی پیش رفت کو برقرار رکھیں

آپ کی علامات سے نمٹنے میں سب سے اہم چیزوں میں سے ایک یہ ہے کہ آپ اپنے جسم کا خیال رکھیں اور اس پر بساط سے زیادہ بوجھ نہ ڈالیں۔ زیادہ سے زیادہ کوشش کر کے درد اور تھکاوٹ سے دوچار ہونے کے بجائے، آپ کو آرام کرنے میں محتاط رہنا چاہیے اور اپنے آپ کو صحت یاب ہونے کا موقع دینا چاہئیے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ جہاں ممکن ہو آپ کو کام اور سرگرمیوں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے، یعنی ایک وقت میں تھوڑا کام کریں۔

مدد طلب کریں

آپ کو اپنے علامات کا اکیلے سامنا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک سپورٹ نیٹ ورک بنانا – دوست، خاندان، طبی پیشہ وارانہ ماہرین اور ایسے دوسرے لوگ جو اسی حالت کا سامنا کر رہے ہیں – کے ساتھ رابطہ سازی سے زیادہ تر حالات میں صحت یابی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔

اپنی علامات پر نظر

اپنی علامات کی ڈائری رکھنا ایک بہترین ٹول ہو سکتا ہے۔ آپ کی علامات کب خراب ہوتی ہیں اور کب بہتر ہوتی ہیں، اس کے بارے میں معلومات پر نظر ڈال کر، آپ ایسے نمونوں پر غور کرنا شروع کر سکتے ہیں اور ایسی چیزوں کو نمایاں کر سکتے ہیں، جو علامات کے بھڑک اٹھنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس کی مدد سے آپ مستقبل میں ان محرکات سے بچنے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔ جب آپ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ وارانہ ماہرین سے ملاقات کرنے آتے ہیں، تو اپنی علامات پر آپ نے جو نظر رکھی ہوتی ہے وہ بہت مفید ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے آپ کو وہ علامات بھی یاد آ جائیں گی جن کو آپ شاید بھول سکتے تھے اور آپ کو یہ یاد دلانے میں بھی مدد ملتی ہے کہ اس وقت آپ کی علامات کیسے ظاہر ہوتی ہیں۔

علامات کے بھڑک اٹھنے کے لیے تیار رہیں

آپ کی علامات جو بھی ہوں، آپ ان دنوں کی تیاری کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں جب وہ معمول سے زیادہ خراب ہوں۔ اس کا مطلب درج ذیل ہو سکتا ہے:

  • بغیر نسخہ کی ادویات کا ایک چھوٹا سا ذخیرہ اپنے پاس رکھنا، کیونکہ آپ کو اپنی علامات سے نمٹنے کے لیے ان کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ اپنے فارماسسٹ سے بات کریں کہ کیا لینا اچھا ہو گا
  • اپنے بستر کے قریب پانی کی بوتل یا گلاس رکھنا
  • صحت بخش ہلکے پھلکے اور آسانی سے تیار کیے جانے والے کھانوں کا ذخیرہ رکھنا
  • اگر آپ اکیلے رہنے کے بارے میں فکر مند ہیں، تو اپنے دوستوں اور پڑوسیوں سے کہیں کہ وہ آپ سے رابطے میں رہیں

معاونت تلاش کرنا

چیسٹ ہارٹ اینڈ اسٹروک اسکاٹ لینڈ اور دیگر کئی جگہوں پر مدد کی ایک وسیع رینج دستیاب ہے۔

ایڈوائس لائن ہماری ایڈوائس لائن نرسیں آپ کو یا آپ کے خاندان کی مدد کے لیے رازدارانہ مشورہ، مدد اور معلومات فراہم کرتی ہیں۔ چاہے آپ کو کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہو یا آپ مقامی خدمات کی تفصیلات تلاش کر رہے ہوں، ایڈوائس لائن لانگ کوویڈ کے ساتھ رہنے کے بارے میں کسی بھی معلومات میں مدد فراہم کرے گی۔

ایڈوائس لائن نرسوں سے رابطہ کرنے کے لیے:

0808 801 0899 پرکال کریں (لینڈ لائنز اور موبائلز سے مفت)

ای میل adviceline@chss.org.uk

NURSE لکھ کر 66777 پر ٹیکسٹ کریں

سپورٹ گروپس بہت سے لوگوں کو لانگ کوویڈ سے متاثر ہونے والے دوسرے افراد سے ملنا مفید لگتا ہے۔

چیسٹ ہارٹ اینڈ اسٹروک اسکاٹ لینڈ کا لانگ کوویڈ سپورٹ گروپ آپ کی حالت کو سنبھالنے، مدد تلاش کرنے اور لانگ کوویڈ سے متاثرہ دوسرے افراد سے بات چیت کرنے میں آپ کو مدد فراہم کرنے کے لیے آپ کی خدمت میں حاضر ہے۔ یہ گروپ شرکاء کو اس قابل بناتا ہے کہ ہم لانگ کوویڈ کے ساتھ رہنے والے لوگوں کے لیے کس طرح معاونت اور مدد فراہم کرتے ہیں۔

یہ گروپ باقاعدگی سے زوم کے ذریعے میٹنگ کرتا ہے اور اس کا ایک فیس بک گروپ بھی موجود ہے۔ مزید معلومات کے لیے ایڈوائس لائن سے 0808 801 0899 پر یا ای میل: longcovid@chss.org.uk رابطہ کریں۔

بیرونی سروسز

یؤر کوویڈ ریکوری (Your Covid Recovery)، ایک ویب سائٹ جو کوویڈ-19 سے صحت یاب ہونے والے لوگوں کی مدد کے لیے بنائی گئی ہے، آگے بڑھتے ہوئے لانگ کوویڈ پر مزید وسائل تیار کر رہی ہے اور یہ کوویڈ-19 سے صحت یاب ہونے کے لیے عمومی معاونت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ تاہم، یہ بذریعہ ورزش علاج کی سفارش کرتا ہے، جس کے حق میں ابھی تک ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں۔

کام پر واپس جانا

سوسائٹی آف آکوپیشنل میڈیسن (The Society of Occupational Medicine) نے کورونا وائرس اور لانگ کوویڈ سے متعلق کئی دستاویزات تیار کی ہیں۔ آپ ہیلدی ورکنگ لائیوز سکاٹ لینڈ (Healthy Working Lives Scotland)کے ذریعے بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

لانگ کووڈ پاتھ وے (Long Covid Pathway) ہمارے گراؤنڈ بریکنگ لانگ کووڈ پاتھ وے پارٹنرشپ پائلٹ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

This page was last updated on November 29, 2023 and is under regular review. If you feel anything is missing or incorrect, please contact health.information@chss.org.uk to provide feedback.

Share this page
  • Was this helpful ?
  • YesNo