Skip to main content

ہائی بلڈ پریشر

ہائی بلڈ پریشر کیا ہے؟

ہائی بلڈ پریشر (جسے ہائپرٹینشن بھی کہا جاتا ہے) تب ہوتا ہے جب آپ کا بلڈ پریشر مسلسل طور پر ایک موزوں حد سے زیادہ رہتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر خود کوئی بیماری نہیں ہے لیکن اس سے دل کی بیماریوں اور فالج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ، ہائی بلڈ پریشر آہستہ آہستہ خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے اور انہیں مزید تنگ اور سخت بنا دیتا ہے۔ جب ایسا ہوتا ہے، تو آپ کے دل کو آپ کی خون کی نالیوں کے ذریعے خون کو پورے جسم تک پہنچانے میں زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ خون کی تنگ اور سخت نالیوں میں لوتھڑے اور چربی پر مشتمل سخت اجزا (ایتھروما) جمع ہو کر ان کے بند ہونے کے امکان میں اضافہ کر دیتے ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر کی علامات کیا ہیں؟

ہائی بلڈ پریشر کا پتہ لگانا اکثر بہت مشکل ہوتا ہے اور ہو سکتا ہے آپ میں اس کی کوئی بھی علامات ظآہر نہ ہوں۔ تاہم، اگر آپ درج ذیل محسوس کریں، تو آپ کو اپنے ڈاکٹر کو آگاہ کرنا چاہئیے:

  • نظر دھندلانا
  • ناک سے خون بہنا
  • سانس اکھڑنا
  • سینے میں درد
  • چکر آنا
  • سردرد

اگر آپ کو پہلے سے دل کی کوئی بیماری ہے، تو پھر یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کے بلڈ پریشر یا آپ کی علامات میں کسی بھی تبدیلی کی اطلاع آپ کے ڈاکٹر کو دی جائے۔

بلڈ پریشر کیسے ٹیسٹ کیا جاتا ہے؟

بلڈ پریشر کو ملی میٹر پارے (mmHg) میں ماپا جاتا ہے اور اس میں دو ریڈنگز شامل ہیں:

  • سسٹولک پریشر (بڑی ریڈنگ): یہ وہ دباؤ ہوتا ہے جس میں آپ کا دل سکڑتا ہے اور خون کو خون کی نالیوں میں دھکیلتا ہے۔
  • ڈائیسٹولک پریشر (چھوٹی ریڈنگ): یہ وہ دباؤ ہے جب دل دوبارہ خون سے بھر جاتا ہے۔

یہ ریڈنگز ڈائیسٹولک پریشر کو سسٹولک پریشر کے اوپر لکھ کر ایک کسر کی صوت میں ریکارڈ کی جاتی ہیں – مثال کے طور پر، 120 / 70mmHg

زیادہ تر ڈاکٹر اس بات پر متفق ہیں کہ بلڈ پریشر کی ایک “نارمل” سطح 120 / 70mmHg کے آس پاس ہوتی ہے، لیکن دل کا دورہ پڑنے اور فالج کا خطرہ صرف 140/90mmHg سے اوپر کی ریڈنگ سے نمایاں طور پر بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

ہائی بلڈ پریشر کا علاج عام طور پر دواؤں کے علاج اور طرز زندگی میں تبدیلیوں کے امتزاج سے کیا جاتا ہے۔ آپ کے لیے کون سی دوا بہتر ہے اس کا انحصار آپ کی عمر اور مجموعی صحت پر ہو گا، لیکن آپ کو جو بھی دوا تجویز کی گئی ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مقصد یہ ہے کہ آپ کے بلڈ پریشر کو ممکنہ حد تک ہدف کی حد کے قریب لایا جائے۔

طرز زندگی میں تبدیلیاں آپ کے بلڈ پریشر کو بھی بہتر بنا سکتی ہیں۔ خاص طور پر: تمباکو نوشی کو ترک کرنا، صحت مندانہ وزن کو برقرار رکھنا، متحرک رہنا، شراب نوشی کی مقدار کو کم رکھنا اور نمک کی مقدار کو کم کرنا سب سے فرق پیدا کر سکتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر میں بہتری لانے کے لیے طرز زندگی میں تبدیلیاں لانا

اپنے ہائی بلڈ پریشر سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج محسوس ہو سکتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اپنے طرز زندگی اور عادات میں چھوٹی موٹی تبدیلیاں لا کر ایک بہت بڑی بہتری کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ سگریٹ نوشی کرتے ہیں تو، آپ کے دل کی صحت کے لیے آپ جو بہترین کام کر سکتے ہیں، وہ یہ ہے کہ اب اسے چھوڑ دیں۔ تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد حاصل کرنے کے بہت سے طریقے ہیں جو آپ اور آپ کے پیاروں کے لیے دستیاب ہیں۔

روزانہ ورزش کرنے کی عادت آپ کے دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے بھی بہترین ہے۔ چاہے یہ روزانہ کی چہل قدمی ہو، یوگا ہو یا تیراکی، دن میں صرف 30 منٹ بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے اور جتنا زیادہ آپ اسے کریں گے، یہ کام وقت کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے اتنا ہی آسان ہوتا جائے گا۔ یہاں تک کہ اگر آپ ان سرگرمیوں کو کرنے کے لئے جدوجہد کرتے ہیں، تو اکثر ورزش کی زیادہ آسان شکلیں بھی دستیاب ہوتی ہیں۔

گھر کے پکے ہوئے کھانوں میں نمک کی مقدار تیار کھانوں اور ٹیک وے کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے۔ اگر آپ کے لیے ٹیک وے کھانوں کو چھوڑنا مشکل ہو، تو وقت کے ساتھ ساتھ اسے کم کرنے کی کوشش کریں اور گھر کے کھانے پکانے کی عادت ڈالیں، چاہے وہ سادہ ہی کیوں نہ ہوں۔

شراب صرف اعتدال میں پئیں اور پیتے وقت ہائیڈریٹ رہیں۔ عام طور پر، ہر روز کافی مقدار میں پانی پینے کی کوشش کریں۔

ہم مدد کے لیے حاضر ہیں

اپنی حالت کو سنبھالنے کے بارے میں فکر مند ہیں یا کسی پیارے کی خیریت کے بارے میں فکر مند ہیں؟
ہماری ایڈوائس لائن نرسیں ہائی بلڈ پریشر کے بارے میں آپ کے کسی بھی سوال یا خدشات کا جواب دینے کے لیے حاضر ہیں۔ مفت، رازدارانہ مشورے اور مدد کے لیے 0808 801 0899 پر کال کریں۔

ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص کے بعد زندگی

ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص کا اکثر مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے طرز زندگی میں اب تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے، لیکن یہ ضروری نہیں کہ کوئی بری چیز ہو۔

آپ اب بھی ایسی طویل زندگی گزار سکتے ہیں جس سے آپ محبت کرتے ہیں اور اس میں ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

گھر پر اپنی حالت کو کیسے منظم کیا جائے، صحت مند رہنے کے طریقے اور مستقبل میں دل کے مسائل کے خطرے کو کم کرنے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ہمارا دل کے مسائل کے ساتھ زندگی گزارنا کا سیکشن ملاحظہ کریں۔

This page was last updated on November 29, 2023 and is under regular review. If you feel anything is missing or incorrect, please contact health.information@chss.org.uk to provide feedback.

Share this page
  • Was this helpful ?
  • YesNo