Skip to main content

فالج اور TIAs

فالج کیا ہے؟

فالج اس وقت پڑتا ہے جب دماغ کے کسی حصے میں خون کی فراہمی میں خلل پیدا ہو جاتا ہے۔ نتیجے کے طور پر، دماغ کے خلیات کو آکسیجن اور غذائی اجزاء کی کم مقدار ملتی، جس کی انہیں ضرورت ہوتی ہے۔ یہ آپ کے دماغ کے کچھ خلیات کو نقصان پہنچا سکتا ہے یا یہاں تک کہ انہیں ہلاک بھی کر سکتا ہے، جس کے اثرات کا انحصار اس بات پر ہے کہ یہ آپ کے دماغ میں کس جگہ پر پڑتا ہے۔

فالج کی دو اقسام ہیں:

  • اسکیمک اسٹروک – اس قسم کے فالج میں دماغ کو خون لے جانے والی ایک یا زیادہ شریانیں خون کے لوتھڑے کی وجہ سے بند ہو جاتی ہیں۔ فالج کی ہر 100 اقسام میں سے تقریباً 85 اقسام اسکیمک اسٹروک کی ہوتی ہیں۔
  • ہیموریجک اسٹروک – اس قسم کے فالج میں دماغ کے اندر ایک یا زیادہ خون کی نالیاں پھٹ جاتی ہیں، جن سے خون بہنے لگتا ہے۔ فالج کی ہر 100 اقسام میں سے تقریباً 15 اقسام ہیموریجک اسٹروک کی ہوتی ہیں۔

فالج کا تعلق اکثر بڑھاپے سے ہوتا ہے لیکن بہت سے نوجوان بھی فالج سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ درحقیقت، فالج کے شکار نوجوانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ موجودہ طور پر فالج کا شکار ہونے والے 4 افراد میں سے 1 فرد 65 سال سے کم عمر کا ہوتا ہے۔

TIA کیا ہے؟

ایک ٹرانزیئنٹ اسکیمک اٹیک (جسے TIA یا چھوٹا فالج بھی کہا جاتا ہے) بھی فالج جیسا ہی ہوتا ہے، لیکن اس میں خون کی سپلائی صرف تھوڑے وقت کے لیے متاثر ہوتی ہے اور عام طور پر مکمل طور پر بند نہیں ہوتی۔ علامات عام طور پر 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

اگرچہ علامات زیادہ دیر تک نہیں رہتیں، مگر TIA کو بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہئیے۔ یہ آپ کے دماغ میں خون کی گردش کے ساتھ جڑے کسی گہرے مسئلے کی علامت ہے۔ یہ ضروری ہے کہ TIA کی علامات کو نظر انداز نہ کریں، چاہے وہ ہلکی ہوں اور جلدی گزر جائیں – آپ کو مستقبل قریب میں زیادہ شدید فالج کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ 12 میں سے 1 سے زیادہ افراد کو TIA ہونے کے ایک ہفتے کے اندر مکمل فالج کا دورہ پڑے گا۔

TIAs کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، بشمول ان کی تشخیص اور علاج کیسے کیا جاتا ہے اور آپ دوسرے TIA یا فالج کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں، TIA کے لیے ہمارے ضروری رہنماء کتابچہ: ٹرانزیئنٹ اسکیمک اٹیک (PDF)ملاحظہ کریں۔

فالج یا TIA کی نشانیاں اور علامات کیا ہیں؟

اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو یا کسی اور کو فالج یا TIA ہو رہا ہے، تو فوراً 999 پر فون کریں اور ایمبولینس طلب کریں۔ – یہ 999 پر کال کرنے کا وقت ہوتا ہے۔

فالج اور TIAs کی نشانیوں اور علامات میں درج ذیل شامل ہیں:

  • آپ کے جسم کا کوئی ایک حصہ اچانک کمزور یا بے حس ہو جانا اس میں چہرہ، بازو، ٹانگ یا یہ تمام شامل ہو سکتے ہیں۔
  • آنکھ کے کسی حصے، ایک آنکھ یا دونوں آنکھوں میں اچانک دھندلا نظر آنا یا بینائی کا کھو جانا۔
  • اچانک الجھن، بولنے یا سمجھنے میں دشواری۔
  • اچانک چکر آنا، توازن کھونا یا ہم آہنگی کی کمی۔
  • بغیر کسی وجہ کے اچانک شدید سر درد۔
  • چہرے کے تاثرات میں اچانک تبدیلی یا مسکرانے سے قاصر ہونا۔

فالج ایک ہنگامی طبی صورت حال ہوتی ہے۔ اس کا علاج فوری کرانا نہایت ضروری ہوتا ہے کیونکہ جتنی جلدی کوئی شخص فالج کا علاج کرواتا ہے، اس کے لیے اتنا ہی بہتر نتیجہ نکلنے کا امکان ہوتا ہے۔

ابتدائی مراحل میں یہ بتانا ممکن نہیں ہوتا کہ آپ کو فالج ہے یا TIA کیونکہ دونوں کی علامات ایک جیسی ہوتی ہیں۔

اگر آپ میں ان میں سے کوئی بھی علامات موجود ہوں، یہ بیشک مختصر وقت کے لیے ہوں، تو 999 پر کال کریں اور ایمبولینس کے لیے کہیں۔

فالج کے بعد کیا ہوتا ہے؟

جب آپ کو فالج پڑ رہا ہو، تو آپ کو ایمرجنسی ایمبولینس کے ذریعے فوراً ہسپتال لے جایا جانا چاہیے۔ آپ کو عام طور پر اسپیشلسٹ اسٹروک وارڈ میں لے جایا جائے گا، لیکن ہو سکتا ہے کہ پہلے آپ کو A&E میں یا کسی اور وارڈ میں تجزیہ کے لیے لے جایا جائے۔

ڈاکٹر اس بات کی تصدیق کرنے کے لیے ٹیسٹ شروع کریں گے کہ آپ کو کس قسم کا فالج ہوا ہے۔ اس میں عام طور پر یا تو CT اسکین یا MRI اسکین شامل ہو گا، جو اس بات کا تعین کرنے میں مدد دے گا کہ آیا آپ کے فالج کی وجہ دماغ میں کسی لوتھڑے کی موجودگی ہے یا کوئی خون کی نالی پھٹ گئی ہے۔

آپ کے دوسرے ٹیسٹ بھی ہو سکتے ہیں، بشمول بلڈ پریشر کی جانچ، خون کے ٹیسٹ، سینے کے ایکسرے اور الیکٹروکارڈیوگرام (ECG)۔

آپ کے فالج کے بعد پہلے 48 گھنٹوں میں، یہ جاننے کے لیے ایک ابتدائی جائزہ لیا جائے گا کہ فالج نے آپ کو کیسے متاثر کیا ہے۔ اس میں درج ذیل شامل ہو سکتا ہے:

  • نگلنے کا ٹیسٹ یہ یقینی بنانے کے لیے کہ آیا آپ کے لیے عام طور پر بغیر گھٹن کے کھانا یا پینا محفوظ ہے۔
  • نقل و حرکت کا اندازہیہ دیکھنے کے لیے کہ آیا آپ کو اپنے اعضاء، ہاتھوں اور پیروں کو حرکت دینے میں دشواری ہو رہی ہے۔
  • یہ جانچنے کے لیے کہ آیا آپ کی بات چیت یا سمجھ بوجھ فالج سے متاثر ہوئی ہے یا نہیں، آپ کی ایک مواصلاتی اور ادراکی تشخیص  بھی کی جائے گی۔
  • یہ اندازہ لگانے کے لیے کہ آپ ک دباؤ کے زخموں کا خطرہ تو نہیں ہے، آپ کے دباؤ کو برداشت کرنے کے خطرے  کی تشخیص بھی کی جائے گی۔
  • یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا آپ کو اپنے پیشاب یا پاخانے کو کنٹرول کرنے میں دشواری ہو رہی ہے، آپ کی پیشاب خطا ہونے کی تشخیص کی جائے گی۔
  • اگر آپ کو اضافی سیال یا غذائی سپلیمنٹس کی ضرورت ہو توغذائیت اور ہائیڈریشن کا جائزہ

آپ کا ابتدائی علاج اس بات پر منحصر ہو گا کہ آپ کو کس قسم کا فالج ہوا ہے۔ اگر آپ کو فالج دماغ میں خون بہنے (ہیمریجک اسٹروک) کی وجہ سے ہوا ہو، تو خون کی نقصان زدہ نالیوں کی مرمت کے لیے آپ کو سرجری کروانے کی تجویز بھی دی جا سکتی ہے۔

اگر آپ کو فالج کسی لوتھڑے (اسکیمک اسٹروک) کی وجہ سے ہوا ہے، تو آپ کے خون میں موجود لوتھڑے کو توڑنے کے لیے تھرومبولائسز نامی علاج دیا جا سکتا ہے یا پھر آپ کو تھرومبیکٹومی نامی ماہرانہ طریقہ کار کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔ علاج کے دیگر اختیارات میں خون کو پتلا کرنے کا علاج، کولیسٹرول کو کم کرنے والی دوائیں جنہیں اسٹیٹن کہتے ہیں، کیروٹائیڈ اینڈارٹریکٹومی (آپ کی گردن میں تنگ شریانوں کو کھولنے کا آپریشن) یا آپ کے دماغ سے دباؤ کو ہٹانے کے لیے ڈی کمپریسیو سرجری شامل ہیں۔

اینڈی کی بیوی نے فاسٹ (FAST) کام کیا

جب اینڈی کو فالج کا دورہ پڑا، تو وہ فوراً جان گئی کہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ “یہ ایسا تھا جیسے کسی نے میرے سر کے پچھلے حصے میں آگ کا انگارہ رکھ دیا ہو اور جیسے کسی نے پوری دنیا کی سوئیاں میری کھوپڑی میں چبھو دی ہوں۔

خوش قسمتی سے، اس کی بیوی نِک نے FAST کے بارے میں اشتہارات دیکھے ہوئے تھے اور اس نے فالج کی علامات کو پہچان لیا تھا۔ اس نے فوراً مدد کے لیے پکارا اور اینڈی نے صحت یابی کی جانب ایک طویل سفر شروع کر لیا۔

اب اینڈی دوسرے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنی کہانی کا اشتراک کرنا چاہتا ہے۔

اس کے بقول “میں جانتا ہوں کہ یہ کتنا پریشان کن، مایوس کن اور تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔ فالج سے صحت یاب ہونا سب سے مشکل کام ہے جو میں نے اپنی زندگی میں کیا ہے لیکن سوچیں کہ متبادل کیا ہو گا۔”

مکمل کہانی پڑھیں

فالج کے بعد بحالی اور بازیابی

ہر شخص کی بحالی کا عمل مختلف ہوتا ہے۔ آپ کچھ ہفتوں میں بھی مکمل صحت یاب ہو سکتے ہیں یا اس میں آپ کو زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔ کچھ لوگ، خاص طور پر جب ان کا فالج شدید تھا، کبھی مکمل صحت یاب نہیں ہوتے اور طویل مدتی معذوری کے ساتھ رہ جاتے ہیں۔

ابتدائی چند دنوں اور ہفتوں میں آپ بہت تھکے ہوئے اور جذباتی ہو سکتے ہیں۔ یہ ایک عام ردعمل ہے جو اکثر تکلیف دہ واقعہ ہوتا ہے۔ اپنی رفتار برقرار رکھیں اور آرام کرنے کے لیے کافی وقت دیں، نیز آپ کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی تجویز کردہ مختلف سرگرمیوں اور علاجوں کو آزمانے کے لیے وقت دیں۔

یہاں تک کہ ابتدائی دنوں میں، یہ ضروری ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ متحرک رکھیں، چاہے آپ بستر سے باہر نہ بھی نکل سکتے ہوں۔ یہ:

  • آپ کے اعضاء کو سخت اور ان پر زخم بننے کے عمل کو روکنے میں مدد کرتا ہے
  • پہلوؤں، توازن اور حرکت کو بحال کرنے میں مدد کرتا ہے
  • کھانے پینے میں آسانی پیدا کر سکتا ہے
  • آپ کی ٹانگوں میں خون کے جمنے کے خطرے کو کم کرتا ہے
  • سینے میں انفیکشن ہونے کے خطرے کو کم کرتا ہے

آپ کی اسٹروک ٹیم کی معاونت اور مدد سے، آپ کو فالج کے بعد کے ہفتوں میں بہتری دیکھنا شروع کر دینی چاہئیے۔ یاد رکھیں کہ بحالی ایک طویل عمل ہو سکتا ہے اور ہر ایک کی بحالی مختلف ہوتی ہے – اگر کسی خاص بہتری کو دیکھنے میں مہینوں یا سال بھی لگ جائیں تو مایوس نہ ہوں۔

باقاعدگی سے فزیو تھراپی، آکوپیشنل تھراپی اور بول چال کی مشقیں آپ کو متحرک رکھنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ آپ کی اسٹروک ٹیم آپ کے لیے ایسی مشقیں، معالجے اور سرگرمیاں تلاش کرنے میں آپ کی مدد کرے گی جو آپ کے لیے مفید ہوں۔

طویل مدتی، بحالی آپ کو اپنی صورت حال سے نمٹنے اور اس کے مطابق ڈھالنے میں مدد دے سکتی ہے۔ بحالی کے ماہرین آپ کی مہارتوں کو دوبارہ سیکھنے یا انہیں اپنانے میں مدد کر سکتے ہیں، تاکہ آپ اپنے فالج کے بعد زیادہ سے زیادہ خود مختار زندگی گزار سکیں۔ یہ ہسپتال میں، آؤٹ پیشنٹ کلینک میں یا کمیونٹی تھراپسٹ کے تعاون سے گھر میں بھی کیا جا سکتا ہے۔

چیسٹ ہارٹ اینڈ سٹروک اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ہم اسکاٹ لینڈ بھر میں فالج کی بحالی کی خدمات کی ایک رینج پیش کرتے ہیں تاکہ جب آپ ہسپتال سے گھر پہنچیں تو صحت یاب ہونے میں ہم آپ کی مدد کریں۔ ہم بات چیت کی مشکلات سے لے کر نقل و حرکت، بصارت، یادداشت یا سوچ کے مسائل تک، ہر چیز میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

اپنے مقامی علاقے میں دستیاب اسٹروک سروسز کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، ہماری ایڈوائس لائن نرسوں کو فری فون 0808 801 0899 پر کال کریں۔

فالج کے بعد گھر لوٹنا

جب آپ ہسپتال چھوڑتے ہیں، تو آپ کو اپنی اسٹروک ٹیم سے ایک ڈسچارج پلان موصول ہونا چاہئیے۔ اس میں وہ عملی معاونت اور مدد شامل ہوتی ہے جس کی آپ کو گھر پر ضرورت ہو سکتی ہے۔

ہسپتال سے گھر واپس آنا آپ اور آپ کے خاندان کے لیے مشکل ہو سکتا ہے، لیکن ہم یہاں آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔ ہماری ایڈوائس لائن نرسوں کو 0808 801 0899 پر کال کریں اس بارے میں مزید جانیں کہ ہم کس طرح آپ کی مدد کر سکتے ہیں، بشمول:

  • فون پر مفت اور رازدارانہ مشورہ فراہم کرنا
  • ہماری اسٹروک نرسوں اور کمیونٹی سپورٹ ورکرز کی جانب سے تعاون
  • اپنے مقامی پیئر سپورٹ گروپ سے رجوع کریں، جہاں آپ ایسے دوسرے لوگوں سے مل جل سکتے ہیں، جو یہ بخوبی سمجھتے ہیں کہ آپ پر کیا گزر رہی ہے
  • تنہائی اور اکیلے پن کا مقابلہ کرنے کے لیے باقاعدگی سے فون کال کرنے کے لیے ہمارے مہربانی کے رضاکاروں میں سے ایک کے ساتھ ملنا

یاد رکھیں، آپ اپنی صحت کے بارے میں مشوروں یا صحت کی دیکھ بھال کی دیگر سروسز کی جانب ریفر کیے جانے کے حوالے سے اپنے جی پی سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں اور آپ کا فارماسسٹ آپ کو کسی بھی دوا کے بارے میں مشورہ اور معلومات دے سکتا ہے۔

گھر پر انتظام کرنے میں آپ کی مدد کے لیے آپ کی مقامی کونسل کے سوشل ورک ڈپارٹمنٹ (جسے بعض اوقات سوشل کیئر یا سوشل سروسز بھی کہا جاتا ہے) کے ذریعے بھی آپ کی مدد کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ ہر ممکن حد تک آزادانہ طور پر زندگی گزارنے میں آپ کی مدد کرنے والی خدمات میں درج ذیل شامل ہیں:

  • نہانے دھونے اور لباس پہننے میں مدد کرنا
  • گھر کے کام کاج اور خریداری میں مدد کرنا
  • دن کی دیکھ بھال کی خدمات
  • مختصر مدتی دیکھ بھال
  • نقل و حمل، رہائش اور آلات کے بارے میں مشورہ
  • مراعات کے بارے میں معلومات۔

فالج آپ کو کیسے متاثر کر سکتا ہے

فالج آپ کے جسم کے کام کرنے کے طریقے کے علاوہ آپ کے احساس، سوچ اور بات چیت کے طریقے کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ فالج کی علامات ہر ایک کو مختلف طریقوں سے متاثر کرتی ہیں۔

آپ کس طرح متاثر ہوتے ہیں اس کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ آپ کے دماغ کے کس حصے کو نقصان پہنچا ہے اور آپ کا فالج کتنا شدید ہے۔ آپ کے دماغ کے مخصوص حصے آپ کے جسم کے مخصوص کاموں کو کنٹرول کرتے ہیں جیسے بصارت، یادداشت، بات چیت یا سماعت۔

اگرچہ تمام فالج مختلف ہوتے ہیں، لیکن فالج کے کچھ عام اثرات میں درج ذیل شامل ہیں:

  • پٹھوں کی کمزوری یا حرکت میں کمی
  • توازن اور حرکت کے ساتھ مسائل
  • بات چیت کی مشکلات
  • نگلنے میں مشکلات
  • سوچ اور رویے میں تبدیلیاں
  • تھکاوٹ اور تھکن
  • درد، بشمول بعد از فالج اعصابی درد (CPSP)
  • پیشاب اور پاخانہ پر قابو کھو دینا
  • تبدیل شدہ تصوّرات

ٹرائے مستقبل کا منتظر ہے

اس کے فالج کے بعد، ٹرائے کو ہمارے رضاکاروں میں سے ایک، نیل سے مربوط کر دیا گیا تھا، جو خود بھی فالج سے متاثر ہونے والا ایک شخص ہے۔ ٹرائے کسی ایسے شخص سے بات چیت کر سکتا تھا جو خود بھی اس صورت حال سے گزر چکا تھا، جس نے اس کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

نیل کا کہنا ہے: “ٹرائے ایک ناقابل یقین شخص ہے۔ اسے بھی میری طرح کے ہی چیلنجز درپیش ہیں، کیونکہ فالج کے اثرات دوسرے لوگوں کے لیے پوشیدہ ہوتے ہیں کیونکہ ان کا تعلق آپ کی یادداشت یا اسٹیمنا سے ہوتا ہے۔

“مجھے امید ہے کہ میں اس کی مدد کرنے میں کامیاب رہا ہوں کیونکہ فالج سے صحت یاب ہونا ایک طویل سفر ہے جس کی راہ میں بہت سی رکاوٹیں آتی ہیں۔ ہم سب کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم ان سے نمٹتے کیسے ہیں۔

مکمل کہانی پڑھیں

فالج کے بعد زندگی

ابتدائی چند ہفتوں اور مہینوں کے لیے، امکان ہے کہ آپ پرانی مہارتوں کو دوبارہ سیکھنے یا نئی مہارتیں سیکھنے پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔ اپنی پیش رفت کو برقرار رکھنا اور ضرورت پڑنے پر مدد طلب کرنا ضروری ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آپ اپنی زندگی کی تعمیر نو کر سکتے ہیں اور اپنی پسند کی چیزوں پر واپس جا سکتے ہیں۔

روزمرہ کی زندگی تھوڑی مختلف نظر آنے کا امکان ہے، لیکن ہم یہاں آپ کی صحت یابی اور زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہونے میں مدد کرنے کے لیے حاضر ہیں۔

گھر میں اپنی حالت کو کیسے منظم کیا جائے، صحت مند رہنے اور فالج کے خطرے کو کم کرنے کے طریقوں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ہمارے فالج کے ساتھ زندگی گزارنا  سیکشن پر جائیں۔

This page was last updated on November 29, 2023 and is under regular review. If you feel anything is missing or incorrect, please contact health.information@chss.org.uk to provide feedback.

Share this page
  • Was this helpful ?
  • YesNo